نئی دہلی، 25 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) طویل بیمار چل رہے گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر کو ہفتہ کی رات کو ایک بار پھر گوا میڈیکل کالج ہسپتال (جی ایم سی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے۔فی الحال پاریکرکی صحت مستحکم بتائی جارہی ہے اور ان کو قریب 48 گھنٹے ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا جائے گا۔منوہر پاریکر کو ہسپتال لے جانے کے بعد جی ایم سی ایچ کے باہر بھاری پولیس فورس تعینات ہے۔اس سے پہلے گوا حکومت کے سینئر وزیر وجے سردیسائی نے وزیر اعلی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔اس کے بعد سردیسائی نے پاریکر کو زندگی بچانے کے نظام پر رکھے جانے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔آپ کو بتا دیں کہ پاریکر گزشتہ قریب ایک سال سے بیمار چل رہے ہیں۔
منوہر پاریکر امریکہ میں بھی علاج کروا چکے ہیں،ساتھ ہی وہ کچھ دن دہلی کے ایمس میں بھی بھرتی رہے ہیں۔آپ کو بتا دیں کہ کچھ دنوں پہلے ہی گوا اسمبلی کے نائب صدر اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممبر اسمبلی مائیکل لوبو نے کہا تھا کہ وزیر اعلی منوہر پاریکر زندہ رہنے تک عہدے پر برقرار رہیں گے، اگرچہ کینسر کے سبب ان کی صحت میں اتار چڑھاؤ رہتا ہے۔